یوم پدر کے خصوصی موقع پر ہم آپ کو ایک ایسے والد کی کہانی سنانے جارہے ہیں، جس نے اپنی بیٹیوں کے ذریعہ اپنے خواب کو پورا کیا۔ انہوں نے اپنی زندگی بیٹیوں کے نام کر دی اور آج ان کی بیٹیاں پوری دنیا میں بھارت کا نام روشن کررہی ہیں۔ ہم بات کر رہے ہیں ہریانہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں بھیوانی سے تعلق رکھنے والے دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ مہاویر فوگٹ کی۔
مہاویر فوگٹ کون ہیں؟
مہاویر فوگٹ کا تعلق ہریانہ کے ضلع بھیوانی سے ہے۔ مہاویر فوگٹ پہلوان رہ چکے ہیں۔ بعد میں مہاویر ریسلنگ کوچ بن گئے۔ ان کے والد مان سنگھ بھی پہلوان تھے۔ مہاویر اور ان کی اہلیہ دیا کور کے پانچ بچے ہیں، بیٹیاں گیتا، ببیتا، ریتو، سنگیتا اور چھوٹے بیٹے دشینت ہے۔ بھائی راج پال کے انتقال کے بعد ان کی بیٹیاں پرینکا اور وینش کو بھی مہاویر نے ہی پالے تھے۔
بیٹیوں کو سنہ 2000 میں ریسلنگ سکھانے کا فیصلہ
ہریانہ میں اس بات کو بالکل بھی پسند نہیں کیا جاتا ہے کہ خواتین ریسلنگ جیسے کھیل کھیلے یا سیکھے لیکن مہاویر کی سوچ بالکل مختلف تھی۔ دور اندیش مہاویر فوگٹ نے سال 2000 میں اپنی بیٹیوں کو ریسلنگ سکھانے کا فیصلہ کیا۔ اس وقت ویٹ لفٹر کرنم مالیسوری اولمپکس میں میڈل جیتنے والی پہلی بھارتی خاتون بنی تھیں۔
فوگٹ سسٹرز نے والد کا نام روشن کیا
مہاویر فوگٹ کی کبھی ہار نہ ماننے والی سوچ نے سب کچھ بدل دیا۔ ایک چھوٹے سے گاؤں میں رہنے والی مہاویر کی بیٹیوں نے ایسا کارنامہ کر دکھایا جو اس وقت کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔
مہاویر نے اپنی بیٹیوں کو ریسلنگ کی ترکیبیں سکھائیں۔ اس کے بعد دونوں بہنوں نے ریسلنگ کے مختلف زمرے میں طلائی تمغہ جیتا جبکہ پرینکا فوگٹ نے ایشین چیمپین شپ میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ وہیں ریتو نے ایک قومی چیمپیئنشپ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
عامر خان نے 'دنگل' میں مہاویر کا کردار نبھایا
بالی ووڈ میں فوگٹ بہنوں پر ایک فلم بنائی گئی تھی۔ اس فلم میں یہ دکھایا گیا تھا کہ کس طرح ایک باپ مہاویر فوگٹ معاشرے کے خلاف جا کر اپنی بیٹیوں کو کشتی کی تعلیم دیتا ہے اور بیٹیوں نے بھی کبھی اپنے والد کے سر کو جھکنے نہیں دیا۔
عامر خان نے فلم دنگل میں مہاویر فوگٹ کا کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم کے مرکزی کردار عامر خان، ساکشی تنور، فاطمہ ثنا شیخ، زائرہ وسیم، ثانیہ ملہوترا اور سہانی بھٹ ناگر تھی۔ فلم 23 دسمبر 2016 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔