ریاست ہریانہ کے ضلع نوح میوات میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے کئی علاقے کو کنٹینمنٹ زون میں رکھا گیا تھا لیکن آہستہ آہستہ تمام علاقے کنٹینمنٹ زون سے باہر ہو گئے ہیں۔
اس دوران آج ایک اور گاؤں کنٹینمنٹ زون سے باہر ہوا ہے، اس کے بعد علاقے میں اب محض ایک گاؤں رنیالہ پٹاکپور ہی کنٹینمنٹ زون میں رہ گیا ہے، جبکہ اس کے علاوہ دیگر ایک درجن گاؤں کو بفر زون میں رکھا گیا ہے۔
اس تعلق سے ضلع مجسٹریٹ پنکج نے بتایا کہ پنچایت میں کنٹینمنٹ زون کے لئے یوگیش کمار کو ڈیوٹی مجسٹریٹ مقرر کیا گیا ہے۔ وہیں کورونا متاثرین کے صحت یاب ہونے کے 28 دن بعد تک کوئی کیس نہیں آنے کی تصدیق پر ہی کسی گاؤں کو کنٹینمنٹ زون سے باہر کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ابتدا میں میوات کے 36 گاؤں کنٹینمنٹ زون اور 104 گاؤں بفر زون میں شامل تھے۔ جبکہ ضلع میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 40 کے پار پہنچ چکی تھی۔
لیکن انتظامیہ کی پہل سے فی الوقت ضلع میں کورونا متاثرین کی تعداد کل 65 ہے لیکن فعال کیسز محض 5 ہی ہیں۔