احمد آباد: مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کامیابی کی خوشی میں احمد آباد میں موجود ماحوا فاؤنڈیشن کے تعاون سے حضرت شاہ عالم درگاہ میں بی جے پی کا وجے اتسو پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں گجرات حج کمیٹی کے چیئرمین اقبال سید، ماحوا فاؤنڈیشن کے ذمہ دار اور حضرت شاہ عالم درگاہ کے خادم صوبہ خان پٹھان اور بی جے پی لیڈروں نے حضرت شاہ عالم سرکار کی مزار پر چادر چڑھائی اور دعائیں مانگی۔ اس موقع پر بی جے پی مائناریٹی سیل کے ذمہ دار زین العابدین انصاری، بی جے پی خاتون لیڈر پائل بین، ضمیر الدین سید اور اے آر پٹھان سمیت بڑی تعداد میں مسلم کارکنان بھی موجود رہے۔
یہ بھی پڑھیں:
تین ریاستوں میں وزراء اعلیٰ کے نام طے کرنے کیلئے بی جے پی نے مبصرین کی تقرری کی
اس تعلق سے حضرت شاہ عالم درگاہ کے خادم صوبہ خان پٹھان نے بتایا کہ حال ہی میں وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں تین ریاستوں میں بی جے پی کو شاندار جیت حاصل ہوئی ہے۔ جس کے لیے ہم سبھی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان میں مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں بی جے پی کو اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تو یہ چھوٹی سی جھلک ہے۔ ابھی لوک سبھا کے 2024 کے انتخابات باقی ہیں۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ لوک سبھا انتخابات میں بھی بی جے پی کو شاندار کامیابی حاصل ہو۔ بی جے پی کی جیت کی خوشی میں آج ہم نے شاہ عالم درگاہ میں چادر چڑھائی ہے اور عقیدت مندوں کو لڈو تقسیم کیے ہیں۔ نذر و نیاز لٹائیں ہیں اور دعا کی ہے کہ سبھی انتخابات میں بی جے پی کو کامیابی حاصل ہو۔