ریاست گجرات کے ضلع احمدآباد میں علماء کرام اور ائمہ حضرات نے خوکشی جیسے معاملات کو روکنے کے لئے بیداری مہم چلائی ہے، علماء نے یہ اقدام عائشہ بانو مکرانی کی خودکشی معاملہ کے پیش نظر کئے ہیں تاکہ سماج میں ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آ سکیں۔
اس سلسلے میں احمد آباد کی جامع مسجد کے شاہی امام مفتی محمد شبیر احمد صدیقی نے کہا کہ عائشہ خودکشی معاملہ جب ہمارے سامنے آیا تو ہمارے شہر کے علماء و ائمہ حضرات اور قوم کو اس کے تعلق سے کافی فکر ہوئی۔ عائشہ کی خودکشی کافی دلخراش حادثہ تھا۔ اس طرح سے اس نے جان دی جس کی کسی بھی مذہب یا دھرم میں اجازت نہیں ہے۔ اس لیے ہم لوگوں نے تیاری کی ہے کہ ہم اپنی قوم کو اس بات کی ترغیب و تعلیم دیں گے کہ آئندہ ہماری کوئی بہن، بیٹی خودکشی جیسا غلط قدم نہ اٹھائے اور اگر اس کے ساتھ شوہر کی طرف سے زیادتی یا سسرال والوں کی طرف سے زیادتی ہوتی ہے تو پوری تحقیق کرنے کے بعد ہم اسلامی شریعت کے اعتبار سے اس کا فیصلہ کریں تاکہ شریعت کی روشنی میں معاملے کو حل کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے لئے ہم اپنی قوم کو بیدار کرنے کی کوشش کریں گے، اپنے بچوں کو دینی تعلیم و تربیت سے آراستہ کریں گے اور انشاء اللہ ہماری کوشش کامیاب ہوگی اور آئندہ ہمارے سامنے کوئی دوسری عائشہ نہیں بن پائے گی۔