اسمبلی الیکشن سے پہلے گجرات میں سیاسی ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ ایک جانب جہاں وزیراعلیٰ تبدیل ہوگیا تو وہیں اب رکن اسمبلی جگنیش میوانی کانگریس میں شامل ہونے جارہے ہین۔ اس کے علاوہ سی پی آئی رکن و جے این یو کے سابق طالب علم کنہیا کُمار کانگریس میں شامل ہوں گے
پنجاب، گجرات اترپردیش میں آئندہ برس ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ پنجاب اور گجرات ان دونوں ریاستوں میں وزرائے اعلیٰ کے بدلنے کے بعد دوسرے لیڈرس بھی پالا بدلنے میں لگے ہیں۔
اسی سلسلے کی ایک کڑی میں سی پی آئی رہنما اور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے سابق طالب کنہیا کمار کانگریس میں شامل ہوں گے جبکہ گجرات کے رکن اسمبلی جگنیش میوانی بھی کانگریس کا ہاتھ تھامنے کے لیے تیار ہیں۔
سیاسی گلیاروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کنہیا کمار نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ کنہیا کمار ایک نہیں بلکہ دو بار راہل گاندھی سے ملے ہیں۔
رپورٹس کی مانیں تو ان دونوں میٹنگ میں پرشانت کشور بھی موجود تھے لیکن کنہیا کمار نے راہل گاندھی سے کسی بھی طرح کی ملاقات کو خارج کیا ہے۔