اس تعلق سے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت گجرات کے جنرل سیکرٹری اقبال لکڑا والا نے کہا کہ گجرات میونسپل کارپوریشن اور پنچایت کے انتخابات کے پیش نظر گجرات کے ریاستی سطح پر ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے کے لیے 18 فروری 2021 کو محمد شفیع مدنی کی صدارت میں ایک پولیٹیکل ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں مختلف قرارداد منظور کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں فاشسٹ طاقتیں بڑھتی جا رہی ہیں اور اقلیتوں کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے میں اگر امت کے اندر انتشار یا اختلاف ہوگا تو امت کو اس کے برے نتائج جھیلنے پڑ سکتے ہیں۔ تاہم امت کو اس بار بھی بہت سوچ سمجھ کر امت کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے امن و امان کے ساتھ اپنے امیدوار کا انتخاب کرنے کے لئے ووٹنگ کرنا ہوگا۔
اس طرح سے ووٹنگ کی جائے کہ ڈیموکریٹک اور سیکولر فورسز مضبوط ہو اور فاشسٹ فورسز کمزور ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری عوام سے اپیل ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو بھلا کر سچے اور اچھے امیدوار کا انتخاب کریں اور فرقہ پرست، فاشسٹ طاقتوں کو سبق سکھانے کے لیے زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈالیں۔