احمدآباد: گجرات میں سفر حج پر جانے والے عازمین حج اور احمدآباد کی نامور شخصیات کے ساتھ گجرات حج کمیٹی کے چیئرمین نے ماہ رمضان کے مقدس موقع پر روزہ افطار کا اہتمام کیا اور گجرات حج کمیٹی میں حج تربیتی تعلیم کا انعقاد کیا، جس میں احمدآباد کے عازمین حج کو حج کی تعلیم دی گئی۔
اس تعلق سے گجرات حج کمیٹی کے چیرمین اقبال سید نے کہا کہ عازمین حج کی ٹریننگ کے موقع پر آج احمدآباد کے جوہاپورہ میں موجود قادری پارٹی پلاٹ میں میری جانب سے افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف مذاہب کے لوگ اور رکن اسمبلی عمران کھیڑا والا و بی جے پی مائنوریٹی سیل کے کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہم نے دعا کی کہ اس سال سفر حج کامیاب رہے۔ اسے کامیاب بنانے کے لیے ہم ہر مکمل کوشش کر رہے ہیں۔
وہیں رکن اسمبلی عمران کھیڑا والا نے کہا کہ ماہ رمضان کے مقدس موقع پر گجرات حج کمیٹی کے چیئرمین اقبال سید کی جانب سے ایک شاندار افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس کے لیے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ساتھ ساتھ میں گجرات حج کمیٹی کے چیئرمین اقبال سید کا اس سال سفر حج کے لئے جانے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان سے کہتا ہوں کے وہ گجرات و ملک کے امن و امان و بھائی چارے کے لیے دعا کریں اور سفر حج آسان ہو، اس کی میں دعا کرتا ہوں۔
وہیں اس موقع پر بی جے پی مائنوریٹی سیل کے جنرل سیکرٹری زین العابدین انصاری نے کہا کہ اقبال سید اس سال حج کمیٹی کے چیئرمین بنے ہیں اور وہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ حاجیوں کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آج انہوں نے افطار کا بھی اہتمام کیا، جس کے لیے میں ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔