ریاست گجرات میں عام آدمی پارٹی نے مضبوطی کے ساتھ پیر جمانا شروع کر دیا ہے۔ بی جے پی اور کانگریس سے تعلق رکھنے والے کارکنان اور متعدد رہنما عآپ میں شامل ہو رہے ہیں۔ اپنی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے عام آدمی پارٹی (عآپ) نے 'جن سمواد یاترا' کے نام سے ایک ریلی نکالی تھی، ریلی پر لیریہ گاؤں میں زبردست حملہ کیا گیا جس کے بعد گجرات میں سیاست تیز ہو گئی۔
دراصل عآپ نے سومناتھ سے اپنی 'جن سمواد یاترا' شروع کی تھی۔ تاہم پہلے تو انہیں سومناتھ مندر جانے والے راستے میں روک دیا گیا کیونکہ عآپ کے ریاستی صدر گوپال اٹالیا نے برہما سماج (برہمنوں) پر بیان بازی کی تھی لہذا برہما سماج کے لوگوں نے سومناتھ اور خاص طور پر گوپال اٹالیا کی مخالفت کی۔ حالانکہ پولیس کی مداخلت کے بعد صورتحال کو فوری طور پر قابو میں کر لیا گیا لیکن معاملہ رکا نہیں۔ برہما سماج کے لوگ اس سے ناراض تھے۔
وہیں جب عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں کی اجتماعی ریلی وسواڑ کے لاریہ گاؤں سے گزر رہی تھی تو کچھ لوگوں نے عآپ رہنما کی کار پر حملہ کردیا۔ کار کا شیشہ ٹوٹ گیا اور عآپ کارکن زخمی ہوگئے۔ اس معاملے پر عآپ رہنماؤں اور کارکنان نے الزام لگایا کہ اس حملے کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ ہے۔ وہیں کانگریس اور بی جے پی نے پُرتشدد حملے کی مذمت کی ہے۔
اب جبکہ گجرات اسمبلی انتخابات سنہ 2022 کے دسمبر میں ہونے والے ہیں، عام آدمی پارٹی نے اپنا پیر جما لیا ہے۔ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں سورت سے عام آدمی پارٹی کے 27 امیدوار فاتح ہوئے ہیں لہذا عآپ کارکنان میں جوش و خروش ہے۔
صحافی اشوڈن گڈھوی اور مہیش سووانی جنہوں نے 4000 بیٹیوں کی شادی کروائی ہے، وہ عام آدمی پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ سماجی کارکن پروین رام بھی عآپ میں شامل ہو گئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کو اچھا رسپانس مل رہا ہے۔ گجرات میں عآپ مظبوطی کے ساتھ ابھر کر سامنے آ رہی ہے۔
وہیں عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی ان کی پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان پر حملہ کر رہی ہے جو نا قابل برداشت ہے۔
سابق صحافی اور عآپ رہنما اشوڈن گڈھوی نے میڈیا کو جاری ایک ویڈیو میں کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے۔ بی جے پی کے غنڈے مجھ پر حملہ کرنے کی سازش کررہے ہیں۔
انہوں نے گجرات کی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ' افسوس کی بات یہ ہے کہ 'جن سمواد یاترا' پر حملہ ہوا ہے۔ گجرات بہار کی طرح ہوگیا ہے لیکن میں لوگوں کے درد کے لئے لڑنے نکلا ہوں، میں مر جاؤں گا لیکن واپس نہیں آؤں گا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا آپ سب کی حمایت کی ضرورت ہے۔'
عام آدمی پارٹی کے ریاستی ترجمان ٹولی بنرجی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ 'جن سمواد یاترا' شروع ہونے کے بعد مسلسل تین دن تک حملے ہوئے ہیں۔ یہ بی جے پی کے لوگ تھے۔ حملے کے بعد جب وہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرانے گئے تو پولیس نے شکایت درج نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: Modi Cabinet: مودی کابینہ میں توسیع کا امکان، آج وزیراعظم کی رہائش گاہ پراجلاس
انہوں نے مزید کہا کہ رات بھر احتجاج کرنے کے بعد اگلے دن صبح 9.30 بجے ایف آئی آر درج کی گئی۔ حملہ کرنے والے بی جے پی کے تھے، یہی وجہ ہے کہ پولیس کے ذریعہ کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی شکایت درج کی گئی لیکن اب ایس پی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پولیس آپ کے ساتھ ہوگی۔ یہ قابل مذمت ہے کہ اس طرح کا واقعہ گجرات میں ہوتا ہے۔