گجرات کی حکومت ریاست میں اردو زبان و ادب کو فروغ دینے کے لیے گاندھی نگر میں اردو بھون کی تعمیر Gujarat Govt Build Urdu Bhawan کرنے جا رہی ہے۔
اس سے پہلے ریاست میں تمام زبان و ادب کو فروغ دینے کے لیے سنہ 1981 میں گجرات ساہتیہ اکادمی کو قائم کیا گیا تھا۔ جہاں گجراتی کے علاوہ ہندی، سنسکرت، سندھی، کچھی اور اردو زبانوں کے لیے کام کیا جارہا ہے۔ لیکن گجرات میں گزشتہ کئی برسوں سے اردو بھون قائم کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا تاکہ اردو ادب کو فروغ دینے میں مزید توجہ دی جاسکے۔ ایسے میں گجرات ساہتیہ اکادمی کے صدر وشنو پنڈیا اور ساہتیہ اکادمی کمیٹی کے ڈائریکٹرس کی کوشش کے بعد گجرات حکومت نے اردو بھون بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
اس تعلق سے گجرات اردو ساہتیہ اکادمی گاندھی Gujarat Sahitya Urdu Academy کے ڈائریکٹر زین العابدین انصاری نے کہا کہ گجرات ساہتیہ اکادمی گاندھی کے ڈائریکٹر وشنو پنڈیا نے گجرات میں اردو بھون بنانے کی تجویز رکھی تھی اور اب ان کی اور ہماری پوری ٹیم کی محنت کے بعد گجرات حکومت نے اردو بھون قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ حتی کہ حکومت نے گاندھی نگر سیکٹر 10 میں اردو بھون تعمیر کرنے کی زمین بھی فراہم کی ہے۔ اس بھون میں کون کون سی سرگرمیاں انجام دی جاے گی اس کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ بہت جلد گجرات کے وزیراعلی اور وشنو پنڈیا جی کے ہاتھوں اردو بھون کی سنگ بنیادی رکھی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اردو بھون پانچ منزلہ عمارت پر محیط ہوگا، جس میں دیگر زبانوں کے لیے بھی جگہ مختص کی گئی ہے۔ بھون میں آفس، سیمینار ہال، باہر سے آنے والے خصوصی مہمانوں کے رہنے کے لیے بھی اچھا انتظام ہوگا۔ اس میں ایک بڑی لائبریری بھی تعمیر کی جائے گی۔ ہائی ٹیک ٹیکنالوجی کے ساتھ اردو بھون کو تعمیر کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ 2022 کے آخر میں اس بھون کا تعمیراتی کام مکمل ہوگا۔