احمدآباد ائیر پورٹ پر تین کیمپ لگائے گئے ہیں ان میں ایک حسینی وقف کمیٹی، دوسرا بی جے پی مائناریٹی سیل اور تیسرا دعوت اسلامی نے حاجیوں کی خدمت کے لیے کیمپ لگایا ہے۔
اس بار بی جے پی مائناریٹی سیل کے کیمپ پر سب کی نظریں مرکوز ہے۔ اس کمیپ میں عازمین حج اور ان کے اہل و عیال کے لیے چائے ناشتے کے ساتھ ساتھ میڈیکل چیک اپ بھی مفت میں کیا جارہا ہے۔
اس کیمپ میں سب سے پہلے وزیراعظم نریندر مودی اور امت شاہ کی کمل کے پھول کے ساتھ استقبال کرتی ہوئی ہوڈنگ نظر آتی ہے اس کے بعد وزیر داخلہ پردیپ سنگھ جاڈیجہ اور بی جے پی مائناریٹی سیل کے تمام اراکین کے فوٹو نظر آتے ہیں۔
بی جے پی مائناریٹی سیل کے رکن امتیاز لینگا کا کہنا ہے کہ 'ہم گذشتہ دو برسوں سے عازمین حج اور ان کے رشتہ داروں کے لئے مفت چائے ناشتہ اور میڈیکل چیک اپ کا انتظام کرتے ہیں۔ یہاں پورے احمدآباد کے تقریباً 70 کارکنان کی ٹیم ان کی خدمت میں دن رات کمر بستہ ہے'۔
انہوں نے کہا کہ لوگ کہنے لگے ہیں کہ بی جے پی کے کارکنان پہلی مرتبہ اتنے اچھے طریقے سے خدمت انجام دے رہے ہیں۔
اسی طرح دوسرے کیمپ کا نام حسینی وقف کمیٹی رکھا گیا ہے جو سب سے بڑا کیمپ ہے اس میں چائے ناشتہ کے ساتھ ساتھ حجاج اکرام کے لئے آرام و عبادت گاہ کا بھی انتظام کیا گیا ہے یہاں خواتین اور مرد حضرات کے لئے دو الگ الگ جگہ بنائی گئی ہے۔یہ کیمپ گذشتہ چارسالوں سے سفر حج کے موقع پر ہر سال احمدآباد ائیر پورٹ پر تعمیر کیا جاتا ہے۔
اس تعلق سے حسینی وقف کمیٹی کے صدر سید یاسین باپو نے کہا کہ 'ہماری کوشش ہمیشہ سے یہی رہتی ہے کہ حجاج اکرام کو بہترین سے بہترین سہولیات و خدمات دے سکیں۔ اس کیمپ میں احرام باندھنے کے طریقے، مسائل حج ،اور عبادت کرنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں '۔
وہیں ایک عازم حج نے اس کیمپ کے تعلق سے کہا کہ 'یہاں آنے سے پہلے پش و پیش میں تھے کہ ائیر پورٹ پر ہمارے لئے کچھ انتظام ہوگا یا نہیں لیکن یہاں آنے کے بعد ہم نے کیمپ کے ذریعے انوکھے انداز میں خدمت کرتے ہوئے لوگ دیکھے۔یہاں ہمارے لئے ہر طرح کا انتظام کیا گیا ہے۔یہاں مفت میں ناشتہ کے ساتھ ساتھ میڈیکل چیک اپ بھی کیا جارہا ہے۔اور ہمیں آرام سے لے کر نماز و احرام پہننے کے بھی قابل تعریف انتظامات کئے گئے ہیں'۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گجرات حج کمیٹی کی جانب سے ہر روز دو سے تین فلائٹس سفر حج کے لئے روانہ ہورہی ہیں۔گجرات سے آٹھ ہزار سے زائد عازمین حج رواں برس حج کمیٹی آف انڈیا کے توسط سے سفر حج پر جائیں گے۔