احمدآباد: کورونا وائرس کے سبب مختلف طریقے سے آج احمدآباد میں یوم آزادی کا جشن منایا گیا، اس دوران احمد آباد کے جوہاپورا علاقے میں میں الفلاح چیریٹیبل ٹرسٹ اور ایکٹ فاونڈیشن کے باہمی اشتراک سے بلڈ ڈونیشن کیمپ اور مفت میڈیکل چیک اپ کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنے خون کا عطیہ کیا۔
اس تعلق سے الفلاح چیریٹیبل ٹرسٹ کے ٹرسٹی ساجد خان نے کہا کہ 'آج ہمیں احساس ہوا ہے کہ ہمارا خون ملک کے لیے ضروری ہے انہوٓں نے کہا کہ اصل میں یوم آزادی کیا ہوتی ہے، ملک اور دنیا سے کورونا وائرس سے آزادی مل جائے اور ہمارا خون کسی ضرورت مند کے کام آئے یہیں اصل آزادی ہے ۔
وہیں الفلاح چیریٹیبل ٹرسٹ کے ایک اور رکن ذاکر عرب نے بتایا کہ ہماری تنظیم لوگوں کی فلاح و بہبود اور ان کی مدد کرنے کے لئے ہمیشہ سے کوشاں رہتی ہے اس ضمن میں ہم نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا ہے کورونا کے دور میں زیر علاج مریضوں کو خون کی بہت ضرورت ہے ۔
اس دوران کورونا کو شکست دینے والی خاتون اور ایکٹ فاؤنڈیشن کی رکن صائمہ پٹھان نے کہا کہ 'مجھے اپریل میں کورونا ہوا تھا تبھی میں نے سوچ لیا تھا کہ صحتیاب ہونے کے بعد بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کروں گی جس کا آج اہتمام کیا گیا ہے۔