امت شاہ اپنا پرچہ نامزدگی فارم 30 مارچ کو احمدآباد کے نارن پورہ سے ایک روڈ شو کرکے داخل کرنے والے ہیں۔ امت شاہ نے گاندھی نگر سیٹ سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بی جے پی رہنماؤں و کارکنان میں زبردست خوشی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ تاہم امت شاہ کی حمایت اور ان کا انتخابی مہم کرنے کے لئے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ بھی میدان میں اترے ہیں۔
اس تعلق سے گاندھی نگر لوک سبھا حلقے میں رہنے والے بی جے پی کارکن صوفی انور حسین شیخ نے کہا کہ لوک سبھا الیکشن میں امت شاہ کا جیتنا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔
انہوں نے کہا 'امت شاہ کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ پورا مسلم سماج ان کے ساتھ ہے'۔
گاندھی نگر لوک سبھا الیکشن کی انتخابی مہم شروع ہوگئی ہے اور اس سلسلے میں احمدآباد بی جے پی کے مائناریٹی سیل انچارج، امتیاز لنگا نے کہا کے یوگی کے پروگرام میں حلف لیا گیا ہے کہ بی جے پی کا ہر کارکن امت شاہ کے لئے کام کرے گا اور ہر بوتھ ہر گھر پر جاکر پارٹی کا تشہیر کریگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ بھارت میں سب سے زیادہ ووٹوں سے امت شاہ گاندھی نگر سیٹ سے جیتنے والے ہیں۔
بی جے پی کارکن سلیم نے کہا کہ گذشتہ ساٹھ سالوں سے کانگریس نے مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک کے لئے استعمال کیا ہے اب مسلمانوں کی آنکھیں کھل رہی ہیں اور اب لوگ بیدار ہو گئے ہیں۔ اس ماحول میں امت شاہ کا جیتنا ممکن ہے ۔