چودہ(14) اپریل سے ماہ مقدس رمضان المبارک کا آغاز ہونے والا ہے۔ ایسے میں کس طرح سے کورونا سے بچیں اور حکومتی گائیڈ لائنز پر کس طرح سے عمل کیا جائے اس پر آل انڈیا علماء مشائخ بورڈ گجرات کے صدر غلام سید اشرفی نے لوگوں کو کچھ معلومات فراہم کی۔
ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کے دوران آل انڈیا علماء مشائخ بورڈ کے چیئرمن غلام سید اشرفی نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک شروع ہونے والا ہے اور اس ماہ مین مسلمان بڑی تعداد میں مساجد کا رخ کرتے ہیں لیکن موجودہ حالات کی وجہ سے حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کرنا بھی بے حد ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'کورونا وائرس وبا کے پیش نظر گزشتہ برس پورے ملک میں مکمل لاک ڈوان تھا اور تمام مذہبی مقامات بند تھے لیکن اس بار ماہ رمضان میں کچھ رعایت دی گئی ہے۔ اس لیے لوگ اس رعایت کا غلط فائدہ نہ اٹھائیں۔
غلام سید اشرفی نے کہا کہ 'اس وقت ملک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے ہمیں احتیاط کی بہت ضرورت ہے اس لیے غیر ضروری طور پر ہجوم اکٹھا نہ کریں بلکہ جتنا ہوسکے گھروں میں ہی رہیں۔