گاندربل (جموں کشمیر): گاندربل پولیس نے کنگن علاقے میں سماجی جرائم کے خلاف ایک کارروائی کے دوران خواتین جیب کتروں کے ایک گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین ملزمین کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں پولیس تھانہ کنگن کو مختلف ذرائع سے اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ خواتین کا ایک ٹولہ پولیس اسٹیشن کنگن کی حدود میں مشکوک حالت میں گھوم رہا ہے، جو بیڈ باڈ بازار اور خاص طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کنگن میں لوگوں کے جیب صاف کر رہے ہیں۔
اطلاع موصول ہوتے ہی گاندربل پولیس نے مجرموں کو پکڑنے کے لیے ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے کنگن مارکیٹ میں ایک جال بچھایا اور تین خواتین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق خواتین جیب کتروں نے ایک شخص بشیر احمد میر ولد مانگت میر کی جیب سے نقدی اڑا لی۔ پولیس نے تینوں خواتین کو چرائی گئی رقم 25000 کے ساتھ موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس بیان کے مطابق خواتین نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس پارٹی نے ان ہی دھر لیا۔
مزید پڑھیں: جے کے پی سی سی بدعنوانی : کرائم برانچ کشمیر کی جانب سے چھاپے ماری
اس ضمن میں پولیس نے ایک ایف آئی آر 118/ 2023 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن کنگن میں درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ لوگوں نے گاندربل پولیس کی جانب سے کی گئی فوری کارروائی پر پولیس کی سراہنا کی۔ وہیں گاندربل پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس طرح کے جرائم یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کو نظر انداز نہ کرکے فوری طور پر پولیس کو مطلع کریں تاکہ وقت پر کارروائی انجام دی جا سکے۔