گاندربل: جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں محکمہ بجلی کی لاپرواہی اور غفلت کی وجہ سے بجلی ٹرانسفارمر پیدل چلنے والے راستوں پر نصب ہیں، جو مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ بے زبان جانور کے لئے بھی باعثِ مصیبت بنا ہوا ہے۔ فتح پورہ میں موجود ٹرانسفارمر سے لٹکتی ہوئی برقی رو کی ترسیلی لائنوں کی وجہ سے آج تک متعدد مویشی لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ سماجی کارکن بلال احمد وانی نے اس بارے میں ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ دودہرہامہ فتح پورہ شاہراہ پر محکمہ جل شکتی کے قریب بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا گیا ہے جس کی برقی رو ترسیلی لائنیں انسانی زندگیوں کے ساتھ ساتھ بے زبان جانوروں کے لئے بھی جان لیوا بن چکی ہیں۔ کچھ روز قبل فتح پورہ کے مقامی شہری کی ہزاروں روپیہ مالیت کی گائے لٹکتی بجلی کے کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گئی۔
یہ بھی پڑھیں: Bejbehara Residents Demand Transformer: تکیہ مقصود شاہ علاقے کے لوگوں نے بجلی ٹرانسفارمر کی مانگ کی
اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں بی ہامہ دودہرہامہ شاہراہ پر سرکاری راشن گھاٹ کے قریب بجلی ٹرانسفارمر فٹ پاتھ کے بیچ میں نصب ہے، جس کے نتیجے میں مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہیں، جبکہ اس ٹرانسفارمر سے بھی ابھی تک متعدد بے زبان جانور کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گئے۔ مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ ان ٹرانسفارمرروں کو فوری طور پر ہٹاکر محفوظ مقام پر نصب کیا جائے تاکہ پیدل چلنے والوں کو راحت ملے اور ایسا کوئی حادثہ دوبارہ پیش نہ آئے۔ اس بارے میں جب ای ٹی وی بھارت نے محکمہ بجلی کے سپرانٹنڈنگ انجینئر محمد صادق آزاد سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ جو بھی ٹرانسفارمر بیچ راستوں پر نصب ہے، ان کے لئے اگر جگہ موجود ہو، تو ان کو ہٹایا جائے گا، اگر نہیں تو ان کے ارد گرد لٹکتی بجلی کی لائینوں کو درست کیا جائے گا تاکہ جانی یا مالی نقصان نہ پہنچے۔