گاندربل: سالانہ امرناتھ یاترا آج سے باضابطہ طور پر شروع ہوئی ہے۔سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان یاتریوں کا پہلا قافلہ جمعرات کو گاندربل ضلع کے دومیل بال تل علاقے سے گپھا کے لیے روانہ ہوا۔ 6 ہزار 215 افراد پر مشتمل یاتریوں کے پہلے قافلہ میں خواتین عقیدت مندوں کی اچھی خاصی تعداد موجود ہے۔ Amarnath Yatra Flags Off from Baltal Base Camp
کمشنر سکریٹری ریونیو، وجے کمار نے آج علی الصبح یاتریوں کو بالتل بیس کیمپ سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ دو برس کے بعد شروع ہونے والی یاترا کے لیے جموں و کشمیر انتظامیہ اور امر ناتھ شرائن بورڈ نے اس بار سول انتظامات سمیت سکیورٹی کے پختہ بند و بست کیے ہیں۔
امرناتھ یاترا پر جانے والے یاتریوں کا کہنا ہے کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی انتظامات سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا جس مہمان نوازی کے لیے کشمیر اور کشمیری لوگ مشہور ہیں، وہ واقعی میں یہاں دیکھنے کو ملی ہے۔
واضح رہے کہ سطح سمندر سے 13000 فٹ کی بلندی پر واقع ایک پہاڑی غار میں گرما کے دوران بننے والی ایک برفانی شبیہ کو شو کے ساتھ منسوب کیا جاتا ہے جس کی ہندو عقیدت مند پوجا کرتے ہیں۔ امرناتھ یاتریوں کے لیے اس سال آن لائن ہیلی کاپٹر بکنگ سروس بھی شروع کی گئی ہے۔ پہلی مرتبہ یاتری ہوائی سفر کی سہولت سے براہِ راست سرینگر سے پنج ترنی پڑاؤ کا سفر کر سکیں گے اور یاترا کو ایک ہی دن میں مکمل کرسکیں گے۔ 43 دنوں تک جاری رہنے والی یاترا کے لیے تاحال سوا تین لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے اپنا رجسٹریشن کروایا ہے اور انتظامی مشینری کی جانب سے بھی یاتریوں کی حفاظت اور قیام و طعام کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔