گاندربل: جموں و کشمیر کے گاندربل کے منی سکریٹریٹ کانفرنس ہال میں منعقدہ ایک میٹنگ میں چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا نے حصہ لیا۔ اس دوران انہوں نے ضلع میں ترقیاتی منظر نامے اور مختلف اسکیموں کے نفاذ کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں اور مختلف محکموں کی جانب سے چلائی جانے والی سکیموں کی تفصیلی رپورٹ پیش کیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کا جائزہ لیتے ہوئے ڈی سی نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے 'گاش لٹریسی' مہم کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد عام لوگوں کو "خواندہ ہونے" کی اہمیت سے روشناس کرانا ہے۔Chief Secretary Visits Ganderbal
وہیں چیف سکریٹری نے کلاس 6 کے بعد سے طلباء کے فیڈ بیک کے باقاعدہ نظام کو اپنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پرائمری اسکولوں میں مقامی پنچایت ممبران کے ذریعہ بایو میٹرک حاضری کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ضلع کے تمام اسکولوں میں بیت الخلاء، پانی اور بجلی سمیت بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ میٹنگ میں ضلع میں بجلی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کے لیے ایس ای، پی ڈی ڈی نے بتایا کہ ضلع میں 48131 گھرانوں کے کنکشن ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع گرمیوں میں بجلی کی 100 فیصد طلب پوری کر رہا ہے اور سردیوں میں صرف 25 میگاواٹ کی کمی ہے اسے بھی پورا کیا جائے گا۔ Chief Secretary Arun Kumar Mehta visits Ganderbal
ڈاکٹر مہتا نے ایس ای کو بادام پورہ گریڈ پر کام کو تیز کرنے کی ہدایت دی تاکہ اسے موسم سرما سے پہلے مکمل کیا جا سکے۔ چیف سیکرٹری نے زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کا بھی مختصر جائزہ لیا۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ ضلع گاندربل میں زراعت اور اس سے منسلک شعبوں بشمول ماہی پروری، مچھلی پالن اور حیوانات کے شعبوں میں زبردست گنجائش ہے اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اس شعبے میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو شامل کرنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کریں اور ضلع میں کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز کا اطلاق کریں۔
چیف سکریٹری نے ایس ایس پی گاندربل کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ منشیات فروشوں کی گرفتاری اور مقدمہ درج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی لعنت ایک سنگین تشویش ہے اور منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے کام کرنا سب کی سماجی اور انسانی ذمہ داری ہے اور تمام افسران کو اس سلسلے میں تال میل سے کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ ضلع گاندربل کو منشیات سے پاک قرار دیا جائے۔
ڈاکٹر مہتا نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ضلع سیاحتی منصوبہ تیار کریں, جس کا مقصد ضلع میں مختلف سیاحتی مقامات جیسے ماناسبل اور دیگر مقامات کی شناخت کے علاوہ گاؤں کی سیاحت کو فروغ دینے کے امکانات سے فائدہ اٹھانا ہے۔ انہوں نے تمام عمر گروپوں کے تحت کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی بھی ہدایت کی جس میں PRIs، طلباء اور مقامی افراد شامل ہیں۔
دریں اثناء چیف سیکرٹری نے ڈی ڈی سی کی چیئرپرسن نزہت اشفاق، وائس چیئرپرسن بلال احمد شیخ، بی ڈی سیز، ڈی ڈی سیز اور دیگر پی آر آئیز سے بات چیت کی، جنہوں نے اپنے اپنے علاقوں کی ترقی کے کئی مسائل اور مطالبات پیش کئے۔ چیف سکریٹری نے ان کے مسائل سنے اور یقین دلایا کہ تمام مسائل کا بروقت ازالہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں انہوں نے مختلف اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے لگائے گئے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ مختلف پلیٹ فارمز پر اسکیموں کے تعلق سے بیداری پیدا کریں تاکہ لوگوں کو اسکیموں کے فوائد کے بارے میں معلوم ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: MoS Jal Shakti visits Ganderbal: مرکزی وزیر مملکت پرہلاد سنگھ پٹیل کا دورہ گاندربل
انہوں نے کئی اسکیموں کے تحت مختلف استفادہ کنندگان کو منظوری کے خطوط کے علاوہ سماعت کے آلات، وہیل چیئرز، کھیلوں کی کٹس، ٹریکٹر، معذوری کے سرٹیفکیٹ بھی دئے۔ دریں اثنا، انہوں نے NEET کوالیفائر اور ضلع میں مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے طلباء کو بھی مبارکباد دی۔ چیف سکریٹری نے تقریباً 21 کروڑ روپے کے مختلف پروجیکٹوں کا بھی ای-افتتاح کیا، جس میں گرلز ہائر سیکنڈری اسکول تلملہ میں 12 کمرے، 3 منزلہ عمارت، چھترگل میں این ٹی پی ایچ سی کی عمارت، ڈاک بنگلو فتح پورہ، باملورہ پل اور گورنمنٹ ڈگری کالج گاندربل میں 12 کمروں کی اضافی رہائش شامل ہے۔ گاش خواندگی مہم اور سونمرگ میں 10 ہوم اسٹے کا بھی چیف سکریٹری نے ای-افتتاح کیا۔