جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کی مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر خالد نجیب سہروردی نے صوبہ جموں کے ریاسی ضلع سے وائرل ویڈیو جس میں حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کی گئی ہے، کے خلاف پیر کے روز ڈوڈہ بند کی کال دی ہے۔
سہروردی نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس گستاخ حرکت سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور ایسے واقعات کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جا سکتا ہے۔ اُنہوں نے تمام کاروباری اِداروں،تعلیمی، ٹرانسپوٹروں سے بند کا اہتمام کرنے کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جموں: پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز بیان کے معاملے میں مقدمہ درج
واضح رہے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس میں بھارت رکھشا منچ نامی تنظیم کے ایک لیڈر کو پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز باتیں کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔
مذکورہ لیڈر نے یہ باتیں ایک نیوز پورٹل سے بات کرتے ہوئے کہی ہیں اور اس نیوز پورٹل نے یہ توہین آمیز مواد مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ بھی کیا تھا۔
جموں و کشمیر پولیس نے پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز باتیں کرنے کے معاملے میں ایک مقدمہ درج کر کے گرفتاری عمل میں لائی ہے۔