ضلع ڈوڈہ کے محالہ کھنکوٹ سڑک کی کشادگی میں گئی زمینوں کا معاوضہ تاحال مالکان کو نہیں ملا ہے۔ محالہ کھنکوٹ سڑک کی تعمیری لائن میں آئی چار سے زائد کنال اراضی کے مالک راجیش شرما گذشتہ تین برسوں سے معاوضے کے لیے دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں۔
راجیش شرما نے بتایا کہ سال 2019 میں محالہ سے کھنکوٹ کے لیے اندرونی رابطہ سڑک کی تعمیر ہوئی تھی جس میں اُن کی چار کنال اراضی آئی۔ تعمیر کے وقت متعلقہ محکمہ نے ایک ماہ کے اندر معاوضہ واگزار کرنے کا یقین دلایا تھا۔ لیکن اب تین برس ہونے والے ہیں اُن کو معاوضہ نہیں ملا۔
شرما نے بتایا کہ بہت جد و جہد کے بعد اُنہوں نے معاوضہ منظور کروایا تھا۔ لیکن یہاں ڈوڈہ میں اے سی آر کے دفتر سے وہ رقم اُن کے کھاتے میں نہیں ڈالی جا رہی ہے۔ ڈی سی آفس کے متعلقہ ملازم اُن سے بے تُکی باتیں کرتے ہیں۔ جس وجہ سے وہ کافی پریشان ہو رہے ہیں۔ محکمہ مال کے ملازم اُن کو یہ بتا رہے ہیں کہ یہ کام مودی ہی کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈوڈہ کے کاہراہ راشن سٹور پر کئی ٹن راشن خراب
راجیش نے بتایا کہ ایک پٹواری وزیر اعظم پر ذمہ داری ڈال رہا ہے، جس سے اس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ زمینی سطح پر کس طرح کام کیا جا رہا ہے۔ راجیش بتاتے ہیں کہ یہ معاملہ میڈیا کے ذریعے اعلیٰ حکام تک پہنچے تاکہ اُن کے مسئلہ پر عمل درآمد ہو سکے۔