ڈوڈہ (جموں و کشمیر) : ڈوڈہ کے کلاک ٹاور، سیلفی پوائنٹ پر SVEEP کے تحت میگا روڈ شو کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں حاضرین خاص کر نوجوانوں کو ووٹر لسٹ میں اپنا نام اندراج کرانے کی اہمیت پر زور دینے کی غرض سے منعقد کیا گیا تھا۔ SVEEP کے تحت اس طرح کے پروگرامز ووٹر لسٹ میں خصوصی نظر ثانی کے طور پر منعقد کے جا رہے ہیں تاکہ ووٹر لسٹ کی ترتیب میں کسی بھی طرح کی کوئی بدگمانی باقی نہ رہے اور شفاف طریقے سے ووٹرز کا نام اندراج کیا جا سکے۔
منتظمین کے مطابق پروگرام کے انعقاد کا ایک اور مقصد اُن اہل ووٹرز کی حوصلہ افزائی بھی ہے جنہوں نے یکم اپریل 2023 کو 18 سال کی عمر مکمل کر لی ہے اور انہیں ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کے لیے ان کی کاؤنسلنگ کی جا سکے۔ یہ پروگرام ضلع الیکشن افسر ویشیش پال مہاجن کی رہنمائی میں منعقد ہوا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ڈوڈہ امریش کوتوال کی زیر صدارت کلاک ٹاور ڈوڈہ میں منعقدہ پروگرام میں ڈی آئی او ڈوڈہ محمد اشرف وانی، ای این ٹی انگریز سنگھ سمیت دیگر افسران بھی موجود رہے۔
یہ پروگرام محکمہ تعلیم، ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ، محکمہ اطلاعات اور ڈی سی آفس ڈوڈہ کے الیکشن سیل کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ پروگرام کے دوران مقررین نے انتخابی فہرست کی نظرثانی اور اپ ڈیٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ممکنہ ووٹرز کو انتخابی فہرست میں اپنا نام درج کروا کر اور انتخابات کے دوران اپنا ووٹ ڈال کر جمہوری عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دی گئی۔