پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن (Low Paid Employees Federation) کے نمائندوں نے ڈوڈہ میں خاموش احتجاج کیا۔
احتجاج کر رہے فیڈریشن کے نمائندوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مختلف محکمہ جات خصوصا محکمہ تعلیم اور محکمہ پی ڈی ڈی میں کام کر رہے عارضی ملازمین کئی برسوں سے انتہائی کم اجرت پر کام رہے ہیں، تاہم کئی بار انتظامیہ کی جانب سے یقینی دہانیوں کے باوجود انہیں مستقل نوکری فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مختلف محکمہ جات میں کام کر رہے عارضی ملازمین کی رکی پڑی اجرتوں کو بھی واگزار کرنے کی درخواست کی۔
لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن کے نمائندوں نے کہا کہ یو ٹی و ضلع سطح کی انتظامیہ سے کئی بار رجوع کیے جانے کے باوجود برسوں سے التواء میں پڑے مسائل کا حل نہیں کیا جا رہا۔
مزید پڑھیں: گورنمنٹ ڈگری کالج کلہوتران بھلیسہ میں زمین مالکان کا احتجاج
انہوں نے یو ٹی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بعض عارضی ملازمین دہائیوں سے مختلف محکمہ جات میں مستقل ہونے کی امید پر انتہائی کم اجرت پر کام کر رہے ہیں، تاہم اسکے باوجود انہیں مستقل نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ بعض عارضی ملازمین سبکدوش بھی ہو گئے اور درجنوں عارضی ملازمین دو دہائیوں سے بھی زیادہ عرصے سے مختلف محکمہ جات میں قلیل اجرتوں پر کام کر رہے ہیں، جنہیں اُن قلیل اجرتوں سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔
احتجاج کر رہے فیڈریشن کے نمائندوں نے انتظامیہ سے عارضی ملازمین کی رکی پڑی اجرتوں کو واگزار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے عارضی ملازمین کو مستقل کیے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔