جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ کے عسّرعلاقے میں جپسم پروجیکٹ کو شروع کرنے سے قبل علاقہ عسّر میں محکمہ مال، جموں و کشمیر پولیوشن کنٹرول بورڈ اور ایم ایس بابا فرید الدین بغدادی مینرلز کے اشتراک سے ایک عوامی شنوائی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام میں تینوں اِداروں کے افسران کے علاوہ علاقے کے سرپنچوں، پنچوں اور مقامی لوگوں نے حصّہ لیا۔ یہ پروگرام مرکزی سرکار کی وزارت برائے ماحولیات اور جنگلات کی ہدایت پر منعقد کیا گیا تاکہ اس پروجیکٹ کے شروع کرنے سے پہلے عوام کی رائے لی جائے۔
عوام نے اس پروجیکٹ کا استقبال کرتے ہوئے علاقے میں ماحولیات کو تحفظ فراہم کرنے کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں اپنے مطالبات دہرائے۔
اُنہوں نے وہاں موجود حکام سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں جپسم نکالنے کے ساتھ ساتھ ماحولیات کو برقرار رکھنے کے لئے بڑے پیمانے پر درخت اگائے جائیں اور علاقے میں ترجیحی بنیادوں پر ترقی کے کام کئے جائیں۔
حکام نے عوام کو یقین دلایا کہ جپسم نکالنے کے کام کو شروع کرتے ہی انکی جانب سے کیے گئے مطالبات کو پورا کرنے کا کام بھی شروع کیا جائے گا۔