جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کی تحصیل کاستی گڑھ کے گاؤں شروڑ میں ان دنوں جنگلی جانوروں کا قہر زور و شور پر جاری ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اتوار کے روز قریب ساڑھے چار بجے گنگواس کاستی گڑھ کے رہائشی شیر محمد ماگرے شروڑ سے واپس اپنے گھر لوٹ رہے تھے کہ راستہ میں جنگلی جانوروں نے اُن پر حملہ کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور جانور تیندوا تھا جو گذشتہ کئی ماہ سے آبادی میں گشت کر رہا ہے۔اس کے علاوہ علاقہ میں ریچھ نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ خوش قسمتی سے جنگلی جانور کا یہ حملہ رہائشی علاقہ میں ہوا اور متاثرہ شخص کی چیخ و پکار لوگوں نے سُنی اور فوراً جائے واردات پر پہنچ کر اُس کی جان بچائی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شیر محمد ماگرے کے چہرے پر جنگلی جانوروں نے حملہ کیا ہے۔ناک، آنکھ کافی متاثر ہوا ہے۔خون سے لت پت شخص کو گاؤں والوں نے فوراً گاڑی کے ذریعہ میڈیکل کالج ڈوڈہ پہنچایا۔جہاں ڈاکٹروں نے اُس کی حالت تشویشناک بتا کر اُسے بہتر علاج کے لئے میڈیکل کالج جموں منتقل کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں:
کورونا وائرس: سوپور میں آگاہی مہم کا آغاز
لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گاؤں میں دِن کے اوقات میں بندر اور شام ہوتے ہی تیندوے اور ریچھ رہائشی علاقوں میں آ جاتے ہیں جس وجہ سے لوگ خوفزدہ ہیں۔ ایسے ہی جنگلی جانوروں کی موجودگی رہائشی علاقوں میں جاری رہی تو عنقریب مزید واقعات رونما ہوتے رہیں گے۔