جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد کی راجیہ سبھا سے ریٹائرمنٹ پر ان کے آبائی علاقہ ڈوڈہ سے وابستہ نوجوانوں نے آزاد سے جموں و کشمیر واپس آنے کی گزارش کی ہے۔
ضلع ڈوڈہ میں غلام نبی آزاد کی راجیہ سبھا سے ریٹائرمنٹ کے سلسلے میں مزدور اور دستکار یونین سے وابستہ کارکنان نے پریس کانفرنس کا اہتمام کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران غلام نبی آزاد کی سیاسی خدمات کو یاد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 'غلام نبی آزاد نے بلا تفریق رنگ و نسل، قوم و مذہب کے ہر سطح اور ہر محاذ پر گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔'
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے وزیر اعظم کی جذباتی تقریر کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی ستائش کی۔
لیڈر آف اپوزیشن غلام نبی آزاد کی راجیہ سبھا سے سبکدوشی کے بعد اُن کے آبائی علاقہ ضلع ڈوڈہ میں لوگوں نے ان سے جموں و کشمیر واپس آنے اور یہاں عوام کی نمائندگی کرنے کی گزارش کی ہے۔
مزید پڑھیں؛ جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ خدمات کی بحالی کا خیرمقدم: امریکہ
دریں اثناء پریس کانفرنس کے دوران مزدور و دستکار یونین کے کارکنان نے کہا کہ غلام نبی آزاد نے بطور وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر اور خصوصا ضلع ڈوڈہ کے لیے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔