جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں ضلع ترقیاتی کونسل، پنچائتی و بلدیہ ضمنی انتخابات کے دو مرحلے پُرامن طور اختتام پذیر ہوئے ہیں۔
اور اب باقی مرحلوں میں منعقد ہونے والے انتخابات کے لئے ڈوڈہ کے شہر و دیہی علاقے میں انتخابی مہم جاری ہے۔
ضلع میں حلقہ انتخاب مرمت اور گندنہ کے لئے تمام لوگوں کی نظریں لگی ہوئی ہیں جہاں کانگریس اور این سی مل کر بی جے پی کے شکتی راج پریہار کے خلاف لڑ رہے ہیں۔
بی جے پی کے بعد کانگریس پارٹی نے گزشتہ روز اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرمت میں ایک بہت بڑی ریلی کا انعقاد کیا۔
یہ ریلی مختلف گاؤں سے ہوتی ہوئی ایک جلسہ کی شکل میں اختتام پذیر ہوئی۔
یہ ریلی کانگریس کے نوجوان رہنما عرُفی مجید وانی کی قیادت میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر اُن کے ہمراہ کانگریس پارٹی کے یوتھ رہنما وسیم راجہ و دیگر عہدیدران بھی موجود تھے۔
ہزاروں کی تعداد میں مرمت کے لوگوں نے ریلی میں حصّہ لیا اور کانگریس پارٹی کے امیدوار مشتاق احمد بٹ کے حق میں زندہ باد کے نعرے بلند کئے۔
مزید پڑھیں:وادی کشمیر میں گہری دھند سے عام زندگی مفلوج
اس دوران عُرفی وانی کی سربراہی میں سینکڑوں کی تعداد میں بی جے پی کارکنان نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وانی نے بتایا کہ مرمت کی عوام کو گذشتہ چھ برسوں سے مختلف قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انھوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی کا کہیں نام و نشاں نہیں ہے صرف آپسی بھائی چارہ کو کمزور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔
مرمت کی سڑک خستہ حال ہوگئی ہے۔یہاں سنہ 2014 میں سڑک کی جو حالت تھی، وہی آج بھی ہے۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ بی جے پی کارکنان نے اپنے اثر رسوخ رکھنے والے لوگوں کے ساتھ مل کر سڑک کو تباہ کر دیا ہے۔
عرفی وانی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آپسی بھائی چارہ کو مضبوط کرنے والی جماعت کانگریس پارٹی کا ساتھ دیں اور فرقہ پرست سیاست کرنے والوں کو اس انتخابات میں منہ توڑ جواب دیں۔