راہل گاندھی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ عارضی طور پر معطل کیے جانے کے بعد کانگریس پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ رندیپ سرجے والا سمیت پانچ سینیئر رہنماؤں کے اکاؤنٹس کے خلاف بھی اسی طرح کی کارروائی کی گئی ہے۔
پارٹی نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور سابق مرکزی وزیر اجے ماکن، پارٹی کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا، لوک سبھا میں پارٹی کے وہپ مانیکم ٹیگور، آسام انچارج اور سابق مرکزی وزیر جتیندر سنگھ اور مہیلا کانگریس صدر سشمیتا دیو کے ٹویٹر اکاؤنٹس بند کردیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:۔ راہل گاندھی نے ٹویٹر پر 50 افراد کو "ان فالو" کیا
کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے گزشتہ ہفتے دہلی میں مبینہ طور پر جنسی زیادتی اور قتل ہونے والی نو سالہ بچی کے اہل خانہ کے ساتھ تصاویر ٹویٹ کی تھی، نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس نے راہل گاندھی کے ٹویٹ کا نوٹس لیا اور ٹوئٹر کو نابالغ متاثرہ کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں راہل گاندھی کے اکاؤنٹ کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی۔