نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ بایو ٹکنالوجی کے ایم ایس سی کے تین طلبا کو میدھا (2022-23) بایر فیلوشپ سے نوازا گیا ہے۔ پرنسپل سائنٹفک ایڈوائزر کا دفتر بایر کراپ سائنس لمٹیڈ کی فراہم کردہ بایر فیلوشپ پروگرام کو دینے کا کام کرتا ہے۔ منتخب طلبا کو اپنے ماسٹر پروگرام کو دو سال میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ماہانہ 20 ہزار روپے کا وظیفہ ملے گا۔ جن طلبا کو فیلو شپ سے سرفراز کیا گیا ہے ان میں عائشہ ثوبیہ، اشونی سنگھ اور یاشیکا ارورا شامل ہیں۔ اس موقع پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے کامیاب طلبا کو مبارک باد پیش کی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’سینکڑوں طلبا میں ان کا انتخاب ان کے تعلیمی ریکارڈ اور انٹرویو میں بہترین مظاہرے کی بنیا د پر ہوا ہے۔ مجھے توقع ہے کہ اس سے دوسرے طلبا کو حوصلہ ملے گا۔'
میدھا فیلوشپ میں سالانہ مالی امداد کے ساتھ بایئر ملازمین کے تحت مینٹرشپ اور صنعت کے ماہرین کا ساتھ بھی موقع ملے گا۔ معاشی طور پر کمزور طبقات کے ان بچوں کو جو لائف سائنسز یا بایو ٹکنالوجی یا پھر فرما میں اپنی اعلی تعلیم جاری رکھنا چاہتے ہیں انھیں یہ فیلو شپ دی جاتی ہے۔ فیلوشپ کے تحت طلبا کو بائیر رسرچ تجربہ گاہوں کے دورے کا، صنعت کے ماہرین سے بات چیت کا، انڈسٹری کے ماحول سے آشنائی اور اپنی معلومات کو وسیع سے وسیع تر کرنے کا بھی موقع ملے گا۔ فیلوشپ کا مقصد یہ ہے کہ طلبا اپنی مختصر مدتی اور طویل مدتی علمی اور پیشہ ورانہ مقاصد کو حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: Jamia Millia Islamia جامعہ کو بیسٹ فیزیو تھیراپسٹ کا ایوارڈ ملا