نوئیڈا میں سیکٹر 20 پولیس نے بڑی کاروائی کرتے ہوئے ایک عادی چور اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے۔ 200 وارداتوں میں ملوث چور سنجے پہاڑیہ اور اس کے ساتھیوں جاوید، سریش کو گرفتار کرلیا گیا۔
سنجے پہاڑیہ پر دہلی، این سی آر میں تقریباً 50 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے گروہ کے قبضے سے زیورات، قیمتی اشیا، نقدی کے علاوہ چوری میں استعمال ہونے والے اوزار اور ایک دیسی پستول بھی برآمد کرلیا۔
ڈپٹی کمشنر پولیس (زون ون) راجیش ایس نے بتایا کہ مذکورہ چوروں نے 200 سے زائد وارداتوں میں انجام دیا ہے۔ تحقیقات میں چوروں نے بتایا کہ ’نوئیڈا کے سیکٹر 21 اور 25 میں کئی وارداتوں کو انجام دیا ہے‘۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے بتایا کہ ’راجیش پہاڑیہ دسویں پاس ہے اور روانی سے انگریزی بولتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ دنوں سے سیکٹر 20 تھانے میں چوری کی وارداتوں میں اچانک اضافہ ہوگیا تھا جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ پولیس ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے تینوں چوروں کو گرفتار کرلیا۔
راجیش ایس نے بتایا کہ ان کے خلاف گینگسٹر کے تحت بھی کاروائی کی جائے گی۔ ان کے بنک کھاتے اور املاک کو بھی قرق کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سنجے پہاڑیہ نے نوئیڈا گور سٹی میں ایک 3 بیڈ روم فلیٹ بھی خریدا ہے۔