ہریانہ میں ضلع کرنال کے کیملا گاؤں میں وزیراعلیٰ منوہرلال کھٹر کی کسان مہاپنچایت کے ذریعہ کسانوں کی مخالفت کا حوالہ دیتے ہوئے ہریانہ کانگریس کی صدر کماری شیلجا نے آج کہا کہ بی جے پی - جے جے پی حکومت ریاست کے عوام کا اعتماد پوری طرح کھوچکی ہے۔
انہوں نے یہاں جاری کردہ بیان میں منوہرلال کھٹر حکومت سے کسانوں کے امور پر فوری اثر سے اسمبلی کا اجلاس بلانے اور اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
کماری شیلجا نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے زرعی قوانین کے تعلق سے ریاست کے لوگوں کو گمراہ کرنے کے لئے کسان مہاپنچایت کا انعقاد کیا گیا تھا لیکن اس مہاپنچایت کو کسانوں کی ہی حمایت نہیں مل سکی۔
انہوں نے کہا کہ اگرخود وزیر اعلیٰ کے آبائی ضلع میں ہی کسانوں کی حمایت حکومت کو حاصل نہیں ہورہی ہے تو ریاست کے دیگرعلاقوں میں اس حکومت کے خلاف پیدا مخالفت کا اندازہ آسانی سے لگایا جاسکتا ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ اس حکومت کی سیاسی زمین پوری طرح سے ختم ہوچکی ہے۔