حزب المجاہدین کے دو عسکریت پسندوں کے ساتھ گرفتار ہونے والے جموں و کشمیر کے سابق ڈی ایس پی دیویندر سنگھ نے دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کردی ہے۔ پٹیالہ ہاؤس کورٹ اب 10 جون کو درخواست پرسماعت کرے گی۔
دراصل گزشتہ 18 مئی کو پٹیالہ ہاؤس عدالت نے دیویندر سنگھ سمیت چار ملزمان کو 16 جون تک کے لئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا تھا۔ اس کے بعد 7 مئی کو عدالت نے چاروں ملزمان کے خلاف پروڈکشن وارنٹ جاری کیا۔
اس معاملے کو لے کر تہاڑ جیل انتظامیہ نے کہا تھا کہ 'چاروں ملزمان کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا، کیونکہ ملزمان ابھی جموں و کشمیر کی ایک جیل میں بند ہیں۔'
اس کے بعد عدالت نے جموں و کشمیر کے ہیرا سنگھ نگر جیل انتظامیہ کو دیویندر سنگھ سمیت چار ملزمان کو پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ دیویندر سنگھ کے علاوہ عدالت نے جاوید اقبال، سید نوید مشتاق اور شفیع میر کے خلاف پروڈکشن وارنٹ جاری کیا تھا۔
دہلی پولیس نے عدالت کو بتایا تھا کہ مشتاق اور اس کے ساتھی دہلی اور ملک کے دیگر حصوں میں حملے کرنے کے منصوبے بنا رہے تھے۔'
خصوصی سیل کے مطابق مشتاق انٹرنیٹ کے ذریعے شریک ملزمان اور عسکریت پسندوں سے بات کرتا تھا۔ وہ بات چیت کے لئے ڈارک ویب کا استعمال کرتا تھا۔
واضح رہے کہ 'دیویندر سنگھ کو جنوری میں حزب المجاہدین کے دو عسکریت پسندوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔'