سونیا گاندھی نے پیر کے روز وزیر اعظم مودی کو لکھے ایک خط میں ان کی حکومت کے ذریعے غریبوں کو اپریل سے جون تک فی شخص اضافی پانچ کلو گرام راشن فراہم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ یہ یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے سبب عائد پابندیوں کی وجہ سے کوئی بھی شخص کہیں بھوکا نہ مرے۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے ملک میں لوگوں اور خاص طور پر غریبوں کے سامنے بحران کافی بڑھ گیا ہے۔ حکومت کو ان غریبوں کو نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ کے تحت تین ماہ یعنی ستمبر تک 10 کلو اضافی راشن فراہم کرنا چاہئے۔
کانگریس صدر نے کہا کہ 'ملک میں غذائی اجناس کی قلت نہیں ہے، اس لئے حکومت کو راشن کی کمی سے پریشان بغیر راشن کارڈ والوں کو بھی چھ ماہ تک 10 کلو راشن بلا معاوضہ فراہم کرانا چاہئے۔'
انہوں نے کہا کہ 'کورونا وبا کے خلاف جنگ میں پورا ملک ایک ہے اور سب کو مل کر اسے ہرانا ہے۔'