نئی دہلی: سڑک نقل و حمل (ٹرانسپورٹ) اور قومی شاہراہ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ’آتم نربھر‘ (خود کفیل) ہونے کے لیے ڈھانچہ جاتی ترقی کو اہم قرار دیا اور کہا کہ خود کفیل ہونے کے لیے قوت ارادی اور خود اعتمادی کی سخت ضرورت ہے۔
گڈکری نے ہریانہ میں 37 ہزار کروڑ روپے کے مختلف پروجیکٹس کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھتے ہوئے منگل کے روز کہا کہ 'پروجیکٹس پر تعمیری کام شروع کرنے کے لیے پیسے کی کوئی کمی نہیں ہے بلکہ کام کرنے کے لیے قوت ارادی اور خود اعتمادی کی ضرورت ہے۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹر، ان کے کابینی رفقاء، ہریانہ سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزراء اور اراکین پارلیمنٹ کی موجودگی میں گڈکری نے ریاستی حکومت سے تعمیراتی کام میں آنے والے مسائل کے فوری حل میں تعاون کرنے کی گذارش کی ہے۔
گڈکری نے اس دوران نئے معاشی کوریڈور کے ساتھ ہی مکمل ہو چکے تین پروجیکٹس کا افتتاح کرکے چھ لائن کے 227 کلومیٹر طویل اسماعیل پور سے نارنَول سمیت کئی پروجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی۔دہلی ایکسپریس وے کے پروجیکٹس میں 55 ہزار کروڑ کا کام ہریانہ میں ہونا ہے۔