سرکاری بیان کے مطابق طلبا کسی موضوع پر اساتذہ سے رہنمائی حاصل کرنے کے لیے اپنے والدین کی اجازت سے مکمل احتیاط برتتے ہوئے اسکول آسکتے ہیں جبکہ معمول کے مطابق کلاسز نہیں ہوں گی لیکن اساتذہ اسکولوں میں دستیاب رہیں گے۔
طلبا اور اساتذہ کے درمیان باہمی بات چیت چھوٹے چھوٹے گروپوں میں وقفے وقفے سے کرنی ہوگی۔ کوویڈ انفیکشن سے بچاؤ کے لیے اسکولوں کو محکمہ صحت کی جانب سے دیئے گئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
اساتذہ اور طلبا 6 فٹ کی جسمانی دوری، فیس کور یا ماسک کا استعمال، بار بار صابن سے ہاتھ دھونا اور سنیٹائز کرنے جیسے لازمی طریقوں پر عمل کریں گے۔ اسکول کی سبھی ایسی سطح اور آلات کا کلاس شروع ہونے اور ختم ہونے کے بعد ایک فیصد ہائیپوکلورائڈ کے استعمال سے سنیٹائزیشن کرنا لازمی ہوگا۔
طلبا، اساتذہ یا ملازمین میں بخار، کھانسی یا سانس لینے میں دشواری ہونے پر نزدیکی طبی مراکز کو فوراً مطلع کرکے طبی مشورہ لینا ہوگا۔ اگر وہ شخص پازیٹیو آتا ہے تو پورے احاطے کو جراثیم کش ادویات سے پاک کیا جائے گا۔