اسی درمیان دہلی حکومت نے انسانی وسائل کو فروغ کے مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نشنک سے متاثرہ علاقوں میں بورڈ کے امتحانات ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔
![تشدد سے متاثرہ علاقوں میں تمام اسکول بند، امتحانات ملتوی](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/6191776_985_6191776_1582566366087.png)
خیال رہے کہ سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کی طرف سے دسویں اور بارہویں کے امتحانات کرائے جارہے ہیں۔
دہلی کے وزیر تعلیم اور نائب وزیراعلی منیش سسودیا نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ دہلی میں تشدد سے متاثر شمال مشرقی ضلع میں کل اسکولوں کے داخلی امتحانات نہیں ہوں گے اور تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکول بند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بورڈ امتحانات کے سلسلہ میں مسٹر نشنک سے بات کی ہے کہ اس ضلع میں بورڈ امتحانات بھی ملتوی کردیئے جائیں۔
اس سے پہلے دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے ہیڈ کانسٹبل کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہاکہ پولیس ہیڈکانسٹبل کی موت نہایت دکھ دینے والی ہے۔ وہ بھی ہم سب میں سے ایک تھے۔ مہربانی کرکے تشدد چھوڑ دیجئے۔ اس سے کسی کا فائدہ نہیں۔ امن سے ہی تمام مسائل کا حل نکلے گا۔
مسٹر کیجریوال نے ایک دیگر ٹوئٹ کرکے کہا کہ میں نے ابھی لیفٹننٹ گورنر انل بیجل سے بات چیت کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مزید پولیس فورس بھیجی جارہی ہے۔ کسی بھی طرف سے تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔ میری تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ مہربانی کرکے امن قائم رکھیں۔تشدد سے کوئی حل نہیں نکلے گا۔
خیال رہے کہ شمال مشرقی دہلی کے موجپور میں سی اے اے مخالفین اور حامیوں کے مابین تصادم ہوئے ہیں جس سے ایک پولیس اہلکار کی موت اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔