قومی دارالحکومت دہلی میں وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے مہلک وبا کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے معیشت کو رفتار دینے کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی جانب سے پالیسی کی شرحوں میں 40 بنیادی پوائنٹز کو کم کیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت پر کیے گئے نتیجہ خیز فیصلے ہیں۔
ریزرو بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے رواں برس قرض اور مالیاتی پالیسی پر جمعہ کو ختم پہلی سہ روزہ میٹنگ کے بعد مرکزی بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ کورونا وائرس نے نہ صرف بھارتی معیشت کو بلکہ عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
موجودہ مالی برس میں بھارتی معیشت کی شرح نمو منفی ہے اور مہنگائی میں اتار چڑھاؤ ہونے کے اندازے کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر پالیسیوں کی شرحوں میں 40 بیس پوائنٹس کی کمی کی گئی ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گئے ہیں۔
محترمہ سیتا رمن نے ریزرو بینک کے فیصلوں پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت پر کیے گئے نتیجہ خیز فیصلے ہیں جن سے فوری طور پر کفایتی شرحوں پر لیکویڈیٹی مہیا ہوگی۔
وزیرخزانہ نے 'آتم نربھر بھارت مہم' کے تحت کیے گئے تقریباً 21 لاکھ کروڑ رویے کے راحت پیکج کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بینک سربراہوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بینکز کی تیاریوں کا آج جائزہ لیا۔
اجلاس میں بینکرز نے ایم ایم ایم ای اور دوسرے گراہکوں کی ضروریات کو فوراً پورا کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔