گذشتہ روز دارالحکومت دہلی کی سڑکوں پر ہنگامہ آرائی کے بعد ، آج دہلی کے سنگھو بارڈر پر سنیوکت کسان مورچہ کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا، جس میں کسان رہنما راکیش ٹکیت اور دیگر کسان رہنماؤں نے واضح کیا ہے کہ کسانوں کی یہ تحریک اسی طرح سے سندھو بارڈر اور مختلف سرحدوں سے جاری رہے گی۔
اسی کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ کچھ لوگ تھے جو لال قلعے کی طرف گامزن ہوئے تھے ، تمام کسان اور سنیوکت کسان مورچہ کے قائدین طے شدہ راستے پر ہی جا کر واپس سندھو بارڈر پر آئے۔ اس کے ساتھ ہی ، انہوں نے دہلی پولیس پر الزام عائد کیا کہ دہلی میں جو کچھ بھی ہوا اس کی ذمہ دار دہلی پولیس ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہلی پولیس نے اس میں نرمی کی تاکہ کسان لال قلعے تک پہنچیں۔
یہ بھی واضح کیا گیا کہ یکم فروری کو کسانوں کی جانب سے پارلیمنٹ مارچ کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسے فی الحال منسوخ کردیا گیا ہے۔ کسان رہنما راکیش ٹکیت نے کہا کہ کسانوں کی تحریک کو بدنام کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ پولیس نے کسانوں کو لال قلعے کا راستہ دکھایا۔ جس کی وجہ سے کسان لال قلعے پر پہنچے۔
اس کے لیے انہوں نے کسانوں کو قصوروار نہ ٹھہراتے ہوئے کچھ مختلف تنظیم اور دیپ سدھو کو مورد الزام ٹھہرایا۔ اس کے ساتھ ہی ، راکیش ٹکیت نے یہ بھی واضح کیا کہ کسانوں کا احتجاج گذشتہ 2 ماہ سے سندھو بارڈر پر مسلسل جاری ہے اور آگے بھی جاری رہے گا۔