کرونا وائرس کے بڑھتے انفیکشن کو روکنے کے لئے ملک بھر لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے باوجود ہزاروں افراد سڑکوں پر ہیں۔
ان لوگوں کا الزام ہے کہ 'حکومت نے شراب کے انتظامات تو کردئے ہیں لیکن انہیں گھر پہنچانے کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے۔ حکومت بس بڑے بڑے دعوے کررہی ہے۔'
روزانہ دہلی کے آنند وہار میں لوگ لاکھوں کی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔ انہیں امید ہوتی ہے کہ آج انہیں گھر جانے کے لئے بس یا ٹرین ملے گی لیکن وہ مایوس ہو جاتے ہیں ۔
دراصل سوشل میڈیا پر پھیلی افواہوں کی وجہ سے لوگ اس امید پر آنند وہار پہنچ رہے ہیں کہ انہیں گھر جانے کے لئے گاڑی مل جائے گی۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ 'انہیں سوشل میڈیا سے اطلاع ملی ہے کہ آنند وہار بارڈر سے یوپی کے میرزاپور جانے کے لئے گاڑی ملے گی۔'
انہوں نے سرکاری سائٹ پر بھی اندراج کرایا ہے لیکن ان کو بھیجنے کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی جواب آیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 'حکومت نے شراب کی دکانیں کھول رکھی ہیں۔ جہاں شراب خریدنے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں لوگ پہنچ رہے ہیں۔ لیکن حکومت کی جانب سے دہلی میں پھنسے افراد کو گھر بھیجنے کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے۔'
لوگوں نے بتایا کہ بہت سارے لوگ ایسے ہیں جو بھوکے پیاسے گھر جانے کے لئے سڑک پر بھٹکنے پر مجبور ہیں۔ حکومت کو گاڑی کا بندوبست کرنا چاہئے تاکہ لوگ اپنے گھروں کو جا سکیں۔