آج ہمارے ملک کے حالات انتہائی ناگفتہ بہ ہیں مسلمانوں کو ہر محاذ پر ٹارگیٹ کیا جارہا ہے۔ اب تو حالات اس قدر خراب ہوگئے ہیں کہ استاد جیسے مقدس رشتوں پر سے بھی اعتماد اٹھتا جارہا ہے۔ انڈین یونین مسلم لیگ نے آزادی سے قبل ہی ملکی حالات کا اندازہ کرلیا تھا ،یہی وجہ ہے کہ آزادی کے فوراً بعد انڈین یونین مسلم لیگ کی تشکیل عمل میں آئی اور مسلمانوں کو حوصلہ اور ہمت دینے کا فریضہ انجام دیتے ہوئے بے یارو مددگار مسلمانوں کو جینے کا سلیقہ بتایا۔
آج انڈین یونین مسلم لیگ اپنے قیام کے 75ویں سالگرہ پورے ملک میں منا رہی ہے۔ ایسے میں ہمیں اپنی نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار دہلی پردیش کے جنرل سکریٹری شیخ فیصل حسن نے کیرلہ اسلامک کلچرل سینٹر میور وہار میں اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دہلی پردیش صدر مولانا نثار احمد نقشبندی نے کہا کہ مظفر نگر جیسے حالات ہمارے لیے ایک تنبیہ ہے۔ ہمیں اپنی نسل کی حفاظت کرنی ہے۔ پارٹی نے اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہوئے کارروائی شروع کردی ہے۔ موقع واردات پر پہنچ کر معاملے کی سنگینی کو سمجھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Kharge Reaction on LPG Price ایل پی جی کا فیصلہ ووٹ حاصل کرنے کا انتخابی تحفہ، گھرگے
انہوں نے کہا کہ ملک میں نفرت پھیلانے کی پاٹھ شالہ کسی بھی صورت میں منظور نہیں ہے۔ سیاسی پارٹیاں عوام میں نفرت پھیلا کر پولورائیزیشن کرکے ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ حکمراں جماعت اور چند میڈیا اداروں کے ذریعے نفرت پر مبنی بیانات نشر کئے جاتے ہیں۔ ہمارا ملک ہیٹ اسپیچ کا مرکز بنتا جارہا ہے۔ اس لیے پارٹی تمام مسلمانوں سے اپیل کرتی ہے کہ انڈین یونین مسلم لیگ کی ممبر سازی مہم میں شامل ہوں اور یہ ہمارے لیے محض ایک سیاسی پارٹی نہیں ہے بلکہ یہ قومی فریضہ ہے۔ اپنی نسل سازی کے لیے میدان میں آئیں اور پارٹی کو مضبوط کرتے ہوئے پوری قوم کو مضبوط کریں۔