پاکستان نے بھارتی حکام کو ابھینندن کی واپسی کے ساتھ ان کی گھڑی، انگوٹھی اور چشمے بھی لوٹائے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پاکستانی حکام نے ابھینندن کے پستول اور کچھ ضروری دستاویز اپنے قبضے میں ہی رکھے ہیں جبکہ اس بات کا ذکر بھی پاکستان نے نہیں کیا۔
ونگ کمانڈر کو سپرد کرتے وقت پاکستانی حکام کی جانب سے جو دستاویز تیار کیے گئے تھے، ان کا نام 'ٹیکنگ اوور سرٹیفکٹ' اور اس کا نمبر 27981 ہے۔
اس پر پاکستانی رینجرز کے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ شہزاد فیصل کے دستخط بھی موجود ہیں۔
ونگ کمانڈر کے پاس ضروری کاغذات کے علاوہ، پستول، گھڑی، انگوٹھی اور چشمے،بیگ اور 'سروائول کٹ' بھی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستانی فوجی اہلکار نے ونگ کمانڈر ابھینندن کو اس وقت اپنی حراست میں لیا تھا جب وہ ایئر اسٹرائک کے دوران پاکستان کی سرحد میں داخل ہوگئے تھے۔
اس کے دو دن بعد پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے خیر سگالی کے طور پر بلاشرطیہ ابھینندن کو واپس کرنے کا اعلان وہاں کی قومی اسمبلی میں کیا۔