اینٹی لینڈ مافیا کے تعلق سے کی جانے والی اس میٹنگ میں ضلع مجسٹریٹ بی این سنگھ، لینڈ مافیا کے خلاف آج تک کی جانے والی کارروائی کے سلسلے میں مکمل جائزہ لے رہے تھے۔
جائزہ کے دوران ضلع مجسٹریٹ نے تمام محکموں کے متعلقہ افسر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اب تک 98 لینڈ مافیاوں کی فہرست تیار کی جاچکی ہے، تمام متعلقہ افسران اپنے اپنے علاقوں میں ایک مہم چلائیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ان کے علاقے میں کوئی لینڈ مافیا باقی نہیں ہے۔ اور اگر کسی بھی علاقے میں لینڈ مافیا موجود ہے تو فورا اس کا نام فہرست میں درج کرکے اس کے خلاف کارروائی کی جائے اور رپورٹ انتظامیہ کو منتقل کریں۔
ضلعی مجسٹریٹ نے محکمہ آبپاشی کی جانب سے لینڈ مافیا سے متعلق کارروائی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی کے افسر کی عدم موجودگی پر ان کے خلاف اعلی سطح پر کارروائی کرنے کا حکم صادر کیا۔
انہوں نے ایسے لوگوں پر مہم جوئی کی ہدایت بھی دی جو زیر آب علاقے میں رہائشی کالونی کی حیثیت سے زمین فروخت کررہے ہیں۔ ایسے زمینداروں کی شناخت کے بعد ان کی رپورٹس متعلقہ اتھارٹی کو فراہم کی جائے گی تاکہ ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جاسکے۔
ضلعی مجسٹریٹ نے تمام عہدیداروں کو یہ بھی ہدایت کی کہ اینٹی لینڈ مافیا پورٹل پر زیر التوا مقدمات کا جلد از جلد تدارک کیا جائے اور اس کی رپورٹ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔