وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر کے دوران اپوزیشن پارٹیوں کے واک آؤٹ کے بعد آج لوک سبھا میں انڈیا بلاک کی عدم اعتماد تحریک ناکام ہوگئی۔ پی ایم مودی نے اپنی دو گھنٹے سے زیادہ طویل تقریر کے دوران، اپوزیشن پارٹیوں کو جم کر تنقید کا نشانہ بنایا اور شمال مشرقی ریاست منی پور میں جلد از جلد امن قائم کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں ملزمین کو سزا دینے اور ریاست میں امن بحال کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔
قبل ازیں اپوزیشن نے وزیراعظم مودی کی تقریر کے دوران ایوان سے واک آوٹ کیا۔ اپوزیشن کے واک آؤٹ کے بعد مودی نے کہا کہ اگر اپوزیشن وزیر داخلہ امیت شاہ کو منی پور کے بارے میں بات کرنے کی اجازت دینے پر راضی ہو جاتا تو وہ شمال مشرقی ریاست کی صورتحال کے بارے میں مزید بات کرسکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کل، امیت بھائی نے منی پور پر دو گھنٹے بات کی لیکن وہ ان کی بات نہیں سننا چاہتے تھے۔
مودی کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان کی جانب سے ’منی پور، منی پور‘ کے نعرہ لگائے گئے۔ اپوزیشن ارکان نے وزیراعظم سے منی پور پر بیان دینے کےلئے کہا۔ وہیں وزیراعظم نے اپوزیشن پر ملک کے نام کو بھی تقسیم کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے انڈیا (I.N.D.I.A) کو نقطوں کے ذریعہ توڑا۔