نئی دہلی: بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے آج کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کو خود پر غور کرنا چاہئے، جنہوں نے کووڈ ویکسینیشن کے حوالے سے غیر ذمہ داری اور مضحکہ خیز بیان بازی کرکے ویکسین کے خلاف لوگوں میں شکوک و شبہات پیدا کرنے کا پروپگنڈہ کیا تھا۔
نڈا نے پیر کو یہاں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنسز میں بی جے پی کی خدمت اور خودسپردگی مہم کے تحت ٹیکہ کاری مرکز کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جس دن ملک میں ڈھائی کروڑ سے زیادہ لوگوں کی ٹیکہ کاری ہوئی اس دن اپوزیشن سیاسی جماعتوں کی خاموشی سوال کھڑا کرتی ہے جنہوں نے اس ٹیکہ کاری مہم کی تنقید کی تھی اور ویکسین پر سوالات اٹھائے تھے۔
مزید پڑھیں:گجرات دورے پر اویسی، جیل میں عتیق سے ملاقات کی نہیں ملی اجازت
نڈا نے کہا کہ جس دن وزیراعظم نریندر مودی نے اعلان کیا تھا کہ 18برس سے اوپر کی عمر والے لوگوں کے لئے مفت ٹیکہ کاری پروگرام چلے گا اسی دن میں نے یہ کہا تھا کہ یہ دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے تیز چلنے والی ٹیکہ کاری مہم ہوگی۔ مجھے خوشی ہے کہ ٹیکہ کاری مہم میں تمام نے اپنا تعاون دیا ہے۔
اس موقع پر وزیر صحت منسکھ مانڈویا اور بی جے پی دہلی یونٹ کے صدر آدیش گپتا بھی نڈا کے ساتھ موجود رہے۔
یو این آئی