دہلی میٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک بار پھر مرکز اور ریاستی حکومتوں کے وزراء اور اعلیٰ حکام کو خط لکھ کر مذبح خانہ غازی پور کو کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ دنوں مذکورہ افسران کو ایک میمورنڈم دیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ گزشتہ تین ماہ سے مذبح خانہ بند ہیں۔ جس کے سبب گوشت تاجروں کے سامنے روزی روٹی کا مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے۔
تاہم گزشتہ دنوں کے درپیش مسائل کے ازالے کے لیے کوئی بھی مثبت اقدام نہیں اٹھایا ہے، حالانکہ گوشت کو ضروری اشیاء میں شامل کیا گیا تھا مگر افسوس لاک ڈاؤن کے بعد اب ان لاک کے باوجود بھی منڈی مکمل طور سے بند ہے اور گوشت تاجر آج بھی سخت پریشانی سے دوچار ہیں۔
پریس کانفرنس میں دہلی میٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر ارشد حبیب قریشی، پیٹرن یونس قریشی سیکرٹری محمد ارشاد نے نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے مشرقی دہلی کارپوریشن اور دہلی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ جلد از جلد بکرا اور بھینس منڈی کھولی جائیں۔
ایسوسی ایشن کے صدر نے بتایا کہ، 'خط میں مانگ کی گئی ہے کہ غازی پور میں واقع مذبح خانہ کو فوری طور پر کھولنے کی اجازت دی جائے، نیز ہم قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کرتے ہوئے کام کریں گے۔ اور اگر ہماری بات نہیں سنی گئی تو پھر ہم قانون کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔ساتھ ہی ایم سی ڈی کے باہر اکٹھا ہوکر اس کا گھیراؤ بھی کریں گے۔'