نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ ہمیں مل کر اپنے شہیدوں کے خوابوں کا ایک خوشحال اور طاقتور ملک بنانا ہے۔ اروند کیجریوال نے یہاں اسمبلی احاطے میں شہید اعظم بھگت سنگھ، راج گرو اور سکھ دیو کے مجسموں پر پھول چڑھانے کے بعد کہا کہ آج یوم شہادت ہے۔ آج ہی دن شہید اعظم بھگت سنگھ، سکھ دیو اور راج گرو نے ہنستے ہنستے پھانسی کے پھندے کو چوما تھا۔ ہم سمجھ سکتے ہیں کہ پھانسی کے تختے پر چڑھنا کتنا مشکل ہوتا ہوگا۔ ان آزادی پسندوں کے دل میں ملک کے بارے میں ایک خواب تھا کہ ہمارا ملک ہندوستان ایک دن آزاد ہوگا اور ملک میں سب کو اچھی تعلیم اور علاج ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمیں دیکھنا چاہیے کہ کیا ان آزادی پسندوں کا خواب پورا ہو رہا ہے؟ ان کے خوابوں کو سچ کرنے کے لیے ہم سب مل کر جوکرسکتے ہیں، وہ سب ہمیں کرنا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے سے لڑنے اور جھگڑنے کی ضرورت نہیں ہے اورنفرت نہیں کرنی ہے۔ ہم سبھی ملک کے 130 کروڑ لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ پیار ومحبت سے رہنا ہے۔ ہندوستان کے لوگ بہت محنتی اور ذہین ہیں لیکن لیڈروں اور سیاسی پارٹیوں نے پورے ملک کا بیڑا غرق کر رکھا ہے۔ اگر ہم 130 کروڑ لوگ مل کر کام کریں تو ہم شہید بھگت سنگھ، راج گرو اور سکھ دیو کے خوابوں کا ہندوستان بنا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Martyrs Day وزیر اعظم مودی نے شہید دیوس پر بھگت سنگھ، سکھ دیو اور راج گرو کو خراج عقیدت پیش کیا
یو این آئی