نئی دہلی: ہندوستانی مسلمانوں کی وفاقی تنظیم آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر فیروز احمد ایڈووکیٹ نے جنوبی ریاست کیرالہ کے کوچی کے جیہووا ہال میں ایک مذہبی تقریب میں ہونے والے متعدد بم دھماکوں کی مذمت کی ہے۔ جس کی وجہ سے ایک شخص ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کیرالہ سلسلہ وار دھماکے کے ضمن میں صدر مشاورت نے اپنے بیان میں متوفی کے اہل خانہ سے تعزیت کے اظہار کے ساتھ ساتھ اس مجرمانہ فعل کے نتیجہ میں جانی نقصان کے ساتھ درجنوں عقیدت مند زخمی ہوئے ہیں اور بڑی تعداد میں لوگ ذہنی صدمہ سے دوچار ہیں٬ کے پیچھے کارفرما قوتوں کو بے نقاب کرنے کے لیے حکومت سے گہرائی سے تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس ظالمانہ فعل کے مجرموں کو جلد پکڑ لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
Kalamassery Blast کیرالہ سلسلہ وار دھماکے: ایک شخص نے پولیس کے سامنے کی خود سپردگی
واضح رہے کہ کیرالہ کے ایرناکولم کے کلاماسری میں واقع جمرا انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے۔ جس میں اب تک تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ 52 افراد زخمی ہوئے۔ دھماکوں کے وقت کنونشن سینٹر میں عیسائیوں کا ایک مذہبی اجتماع جاری تھا جہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ دھماکوں کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ کیرالہ کے ڈی جی پی ڈاکٹر شیخ درویش کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ دھماکے آئی ای ڈی ڈیوائس سے کیے گئے۔ تاہم اس سلسلہ میں مزید تفتیش جاری ہے۔
وزیر صحت وینا جارج نے ہدایت دی ہے کہ مقامی اسپتالوں کے طبی ملازمین جو چھٹی پر ہیں، فوری طور پر ڈیوٹی پر واپس آجائیں۔ وزیر نے محکمۂ صحت کے ڈائریکٹر اور میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کو دھماکہ میں زخمی ہونے والوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ 'یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ ہم واقعہ کی تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔ تمام اعلیٰ عہدیدار ایرناکولم میں ہیں۔ ڈی جی پی موقع پر گئے ہیں۔