بھاگوت نے کہا کہ 'آئندہ 20برسوں میں نئی نسل پورے اعتماد اور فخر سے کہہ سکے گی کہ باپو کے خوابوں کا بھارت بن گیا ہے اور اب وہ پھر سے اپنے آشرم میں سکون کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔'
بھاگوت یہاں معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر جگموہن راجپوت کے ذریعہ تحریر کردہ کتاب 'گاندھی کو سمجھنے کا یہی سمے' کا اجرا کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
تقریب کی صدارت معروف ماہر آئین ڈاکٹر سبھاش کشیپ نے کی۔ پروگرام کا انعقاد مہاتما گاندھی کی قربانی کی جگہ گاندھی اسمرتی میں کیا گیا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے جب آر ایس ایس کے سربراہ نے گاندھی جی کی قربانی کے مقام پر قدم رکھا۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک گاندھی جی صرف کچھ مواقع پر یاد کرنے اور تقریر کرنے تک محدود ہیں۔ ان کے راستے پر چلنے کی اہلیت مکمل طورپر ندارد ہے۔
انہوں نے کہاکہ 20سا ل پہلے گاندھی جی کے تصور کا بھارت بنے گا یہ ناممکن لگتا تھا لیکن آج اعتماد کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ گاندھی جی کا خواب پورا ہونا شروع ہوگیا ہے۔ اسے نئی نسل شرمندہ تعبیر کرے گی۔