نئی دہلی: امریکی تحقیقی کمپنی ہنڈن برگ ریسرچ کی اڈانی گروپ پر رپورٹ کے پیش نظر اس پورے معاملے کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرنے والی اپوزیشن کے ہنگامے کے سبب پیر کو لوک سبھا میں وقفہ سوالات نہیں ہو سکا اور اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔ جب صبح 11.00 بجے لوک سبھا میں ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو اوم برلا نے اراکین کو مطلع کیا کہ وانگچک نامگیال کی قیادت میں بھوٹانی وفد ایوان کی کارروائی کا مشاہدہ کرنے کے لیے اسپیشل پبلک گیلری میں موجود ہے۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بھوٹان کے ہندوستان کے خوشگوار دورے کی خواہش کرتے ہیں۔ اس کے بعد جیسے ہی اوم برلا نے سوال پوچھنے کے لیے رکن کا نام پکارا، کانگریس، ترنمول کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان ایوان کے بیچ میں آخر ہنڈ ن برگ کی رپورٹ کے تعلق سے نعرے بازی کرنے لگے۔ وہ پورے معاملے کی جے پی سی انکوائری کا بھی مطالبہ کر رہے تھے۔ اپوزیشن ارکان بیچ بیچ میں نعرے بازی بھی کرتے رہے تھے۔
لوک سبھا اسپیکر نے ارکان سے کہا کہ ایوان کا یہ اجلاس بہت اہم ہے۔ صدر کے خطاب پر بحث ہونی ہے، اور دیگر اہم قانون سازی کی کارروائیاں ہونی ہیں۔ ایوان کی کارروائی کو منصوبہ بند طریقے سے ملتوی کرنا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں عوام کے بنیادی سوالات پر بحث ہونی چاہئے لیکن ہنگامے کی وجہ سے ایوان کی کارروائی بار بار ملتوی کی جارہی ہے۔ عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان ان کے چیمبر میں آئیں وہ بحث اور بات چیت کا موقع دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایک پرانی پارٹی ہے، اس کا رویہ مناسب نہیں ہے۔ جب ارکان کو اپنی نشستوں پر واپس آنے کی بار بار کی درخواستوں کا کوئی اثر نہ ہوا تو انہوں نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: Parliament Both Houses Adjourned اڈانی معاملے پر اپوزیشن کا ہنگامہ، دونوں ایوانوں کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی
یو این آئی