تھانہ منڈوالی کے ایس ایچ او پرشانت مینا نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نہ تو ڈنڈے سے سمجھایا اور نہ ہی مقدمہ اور جیل سے ڈرایا بلکہ انھیں کورونا سے ڈرا کر ایک سبق سکھایا۔
ایک طرف لاک ڈاؤن میں معمولی نرمی کے بعد لوگوں میں کورونا کا خوف آہستہ آہستہ ختم ہورہا تھا اور موٹر سائیکل سوار بغیر ہیلمٹ کے تفریح کرتے ہوئے آرہے تھے تبھی علاقہ کے ایس ایچ او نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک انوکھی اور خوفناک سزا دی۔
لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پاس میں ہی سڑک کنارے کورونا متاثر مردہ شخص کی ارتھی اٹھانے کے لیے کہا، ارتھی دیکھ کر سبھی کے ہاتھ پیر پھول گئے اور فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے تاہم پولیس نے انھیں پکڑ کر ان سے ارتھی اٹھوائی اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک سبق سکھایا۔
واضح رہے کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سبق سکھانے کے لیے یہاں ایک فرضی ارتھی رکھی گئی تھی جس میں مردہ کی شکل میں ایک پتلا لٹایا گیا تھا تاکہ لوگوں میں کورونا کا خوف برقرار رہے اور لاک ڈاؤن کی بھی خلاف ورزی سے گریز کرتے ہوئے اپنی صحت کا بھی خیال رکھیں۔
دوسری جانب موٹر سائیکل سوار لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی اس قسم کی سزا سبق آموز ہے اور لوگ لاک ڈاؤن توڑنے سے پہلے ایک بار ضرور سوچیں گے۔
بہرحال پولیس نے کورونا سے بچنے اور لاک ڈاؤن کی پاسداری کرنے کا حلف دلاکر انہیں چھوڑ دیا۔