قومی دارالحکومت دہلی میں آلودگی کی صورتحال خوفناک ہوگئی ہے۔ دہلی میں ہوا کے معیار کا انڈیکس منگل کی صبح 9 بجے تک 534 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کئی علاقوں میں یہ 600 سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔
آلودگی کی وجہ لوگوں کو آنکھوں میں جلن اور سر درد جیسی شکایات بھی مل رہی ہیں۔ دہلی کے بیشتر علاقوں میں فی الحال ہوا کا معیار انڈیکس 500 سے تجاوز کر گیا ہے۔
پوسا میں 537، لودھی روڈ پر 423، دہلی یونیورسٹی میں 554، ہوائی اڈے پر 562، متھرا روڈ پر 567، آیا نگر میں 574 اور آئی آئی ٹی دہلی کے علاقے میں 628 تک پہنچ گیا ہے۔
دوسری جانب نوئیڈا اور گروگرام میں یہ سطح بالترتیب 608 اور 560 ریکارڈ کی گئی ہے۔
دہلی میں درجہ حرارت میں مستحکم کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔ جس کی وجہ سے آلودگی کے ساتھ ساتھ لوگوں کو سردی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پیر کو دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4 ڈگری کم ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 'آنے والے دنوں میں سردیوں میں اضافہ ہوگا اور آلودگی کی سطح میں بھی اضافہ ہوگا۔'