دارالحکومت دہلی میں ریاستی کانگریس کمیٹی کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کی رہنما الکا لامبا نے کیجریوال حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ چاندنی چوک کی سابق رکن اسمبلی الکا لامبا نے صحافیوں سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے جتنی جلدی تبلیغی جماعت کے خلاف پریس کانفرنس کر کے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا، اتنی تیزی 26 جنوری کو لال قلعہ پر ہوئے ہنگامہ پر کیوں نہیں دکھائی؟
انہوں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ' 26 جنوری کو لال قلعہ پر ہوئے ہنگامہ میں بی جے پی کے لوگوں کو صاف طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کی تصاویر بھی منظر عام پر آ چکی ہے، اس کے باوجود دہلی کے وزیر اعلیٰ خاموش ہیں۔'
الکا لامبا نے کیجریوال پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 'تبلیغی جماعت کے خلاف جس طرح مستعدی دکھائی ہے وہی مستعدی بی جے پی کے خلاف کیوں نہیں دکھائی؟ کیا کیجریوال اور بی جے پی کے درمیان کوئی ڈیل ہوئی ہے؟'
انہوں نے کہا کہ جس طرح دہلی فسادات کے دوران دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال چھپ کر بیٹھے تھے، اسی طرح لال قلعہ پر 26 جنوری کو ہوئے ہنگامے کے بعد سے بھی وہ چھپے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جب دہلی میں کورونا کا معاملہ سامنے آیا تھا، تبھی تبلیغی جماعت کے خلاف پریس کانفرنس کرکے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا تھا جو بعد میں عدالت میں بے گناہ ثابت ہوئے۔